ڈسکہ الیکشن کالعدم،افسر معطل،چیف سیکرٹری،IG طلب

February 26, 2021

ڈسکہ الیکشن کالعدم،افسر معطل،چیف سیکرٹری،IG طلب

اسلام آباد(ایجنسیاں)الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے75سیالکوٹ /ڈسکہ میں 19 فروری کو ہونے والے ضمنی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے 18 مارچ کو پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے آرڈر میں کہا کہ فریقین کی طرف سے مہیا کردہ ریکارڈ،ریٹرننگ آفیسر اور کمیشن کے مختلف ذرائع سےجمع کئے گئے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد کمیشن اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ حلقے کے امیدواروں اور ووٹرز کے لئے سازگار ماحول دستیاب نہیں تھا‘حلقے میں انتخابات پوری ایمان داری‘شفافیت ‘آزادانہ اور منصفانہ نہیں ہوئے ۔

قتل ، فائرنگ اور زخمی ہونے کے واقعات ، حلقے میں امن و امان کی خراب صورتحال سے ووٹروں میں خوف وہراس پھیلااور دیگر حالات سے نتائج مشتبہ اور غیر یقینی کی کیفیت کا شکار ہوئے ‘الیکشن کمیشن نے ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں غفلت برتنے پر بڑے پیمانے پر افسران کو معطل کردیا۔

الیکشن کمیشن نے ڈسکہ کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فرائض سے غفلت برتنے پر 4 مارچ کو الیکشن کمیشن میں طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 9 (1) کے ساتھ آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت اختیارات کے استعمال میں چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کمیشن نے مختصر حکم جاری کیا۔

یہ حکم حلقہ این اے 75سے امیدوار سیدہ نوشین افتخارکی جانب سے 23 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کی تصدیق پر دائر کیس کی سماعت کے بعد جاری کیا گیا۔ اس کارروائی کی سماعت کمیشن کے چار ممبران نے بھی کی،جس میں جسٹس الطاف ابراہیم قریشی ، جسٹس ارشاد قیصر ، نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی شامل تھے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس حکم نامہ کی تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی ۔ سلمان اکرم راجہ ایڈوکیٹ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ درخواست گزار کی طرف سے اپنے دلائل مکمل کیے جبکہ سید علی ظفر اور سید محمد علی بخاری نے علی اسجد ملہی کی جانب سے اپنے دلائل پیش کیے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو حکم دیا ہےکہ این اے 75 سیالکوٹ IV میں ضمنی انتخاب میں بدامنی اور بے قاعدگیوں پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کو معطل کیا جائے۔

جمعرات کوضمنی انتخاب کے حوالے سے فیصلہ سناتےہوئے الیکشن کمیشن نے کمشنر گجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او گوجرانوالہ رینج کو ان کے موجودہ عہدوں سے تبدیل کر کےگوجرانوالہ ڈویژن سے باہر بھیجنے کی ہدایت کی ہے اور چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کو ضمنی انتخابات کے دوران اپنے فرائض سے غفلت برتنے پر 4 مارچ 2021ء کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے ۔

الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو حکم دیا ہےکہ ذیشان جاوید لاشاری ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، حسن اسد علوی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ، آصف حسین اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ،ذوالفقار ورک ڈی ایس پی سمبٹریال اور محمد رمضان کمبوہ ڈی ایس پی ڈسکہ کوآئندہ کے لئے کسی الیکشن ڈیوٹی پر مامور نہ کیا جائے۔

ان تمام افسران کے خلاف الیکشن کمیشن خود انکوائری کرے گا یا وفاقی حکومت یا صوبائی حکومت کو انکوائری کرانے کا حکم دے گاجس کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔