وزیراعظم نے امت مسلمہ کے عظیم رہنما ہونے کا حق ادا کیا ، طاہر اشرفی

February 27, 2021

لاہور(نمائندہ جنگ)چیئرمین پاکستان علماءکونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے گرینڈ جامعہ مسجد بحریہ ٹاؤن میں خطبہ جمعہ میں کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے امت مسلمہ کے عظیم رہنما ہونے کا حق ادا کیا ہے۔ شریعت اسلامیہ مسلمانوں کی میتوں کو جلانے کی بجائے دفن کرنے کا حکم دیتی ہے اور سری لنکا کی حکومت کی طرف سے میتوں کو جلانے کا جو حکم نافذ کیا گیا تھا اس سے نہ صرف سری لنکا بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں میں اضطراب پایا جاتا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکا کے مسلمانوں کے اس اہم ترین مسئلہ کو حل کروا کر رسول اللہﷺ کے اس حکم کو عملی طور پر پورا کیا ہے کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں جسم کے کسی بھی حصے میں تکلیف ہو تو پورے جسم میں تکلیف ہوتی ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستان علماءکونسل اور دیگر ملک کی مذہبی جماعتوں کی اپیل پر ملک بھر کی تمام مکاتب فکر کی مساجد میں وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان کی طرف سے سری لنکا کے مسلمانوں کیلئے سری لنکا کی حکومت سے ایک عظیم خدمت سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔