نوجوانوں کیلئے روزگار بڑا مسئلہ، سیاحت کےذریعے بیروزگاری ختم کرسکتے ہیں،عمران خان

March 01, 2021

جہلم (ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہےکہ نوجوانوں کو روزگار دینا سب سے بڑا مسئلہ ہے‘ سیاحت کو فروغ دے کر ہم بے روزگاری ختم کرسکتے ہیں‘جب تک برآمدات میں اضافہ نہیں ہوتا ٹورازم سے بہت فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘سیاحت کی کامیابی میں مقامی لوگوں کا بڑا کردار ہوتا ہے۔اتوار کو ضلع جہلم کے نندانہ قلعہ میں واقع البیرونی پوائنٹ (باغن والا گاؤں) میں ورثہ ٹریل کا افتتاح کرنےکے بعد بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے تاریخی مقامات اور عمارتوں کی حفاظت کرنی ہے۔ ہمارا محکمہ آثار قدیمہ کچھ نہیں کرتا پاکستان میں تاریخی مقامات جیسے موہنجو دڑو اور ہڑپہ کو انگریزوں نے دریافت کیا تھا۔ہر قوم اپنے تاریخی ورثہ کو تحفظ دے کر آگے بڑھی ہے‘نوجوانوں کو روزگار دینے کے لئے سیاحتی مقامات کو ترقی دے رہے ہیں۔وزیر اعظم نے مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاحوں کے لئے ہوٹلوں ، ریستوراں اور دیگر متعلقہ سہولیات کے قیام کے لئے علاقے کے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے گی۔انہوں نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت زیتون کے درخت لگا کر علاقے میں جنگلات کی حفاظت کرے گی۔عمران خان نے ٹلہ جوگیاں نیشنل پارک اور سالٹ رینج نیشنل پارک کا افتتاح کیا انہوں نے پدری وائلڈ لائف گیم رزارٹ سوہاوا میں زیتون کا پودابھی لگایا۔