عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا‘انجینئر عثمان

March 01, 2021

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے کہاہےکہ بلوچستان میں ایک بار پھر بدامنی میں اضافہ ہورہا ہے ‘اسداچکزئی کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ایک بارپھر بدامنی کی طرف لے جانے کی سازش کی جارہی ہے ۔ عوام کاکوئی پرسان حال نہیں ۔مہنگائی بے روزگاری اور بھاری قرضے حکمرانوں کے تحفے ہیں ۔ حکومتی سطح پر عوام کی جان و مال کے تحفظ اور،عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی کا فقدان ہے ۔عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا جس کی وجہ سے مسائل اوربدامنی میں اضافہ ہورہاہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بلوچستان کے مسائل سے آنکھیں بند کرنا زیادتی ہے حکومت کو خواب غفلت سے بیدارہوکرعوام کے مسائل پر توجہ دینی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی۔ آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا ۔ اشیاء ضروریہ کی ہر چیز عوام کی دسترس سے دور کردی گئی۔ انہوں نے اے این پی کے رہنما اسد خان اچکزئی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کیساتھ ہیں۔