سعادت حسن منٹو کی کہانی ’بادشاہت کا خاتمہ‘پر شارٹ فلم کی شوٹنگ مکمل

March 02, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) فلم ہدایتکار سنجے تیواری آج کل اپنی پہلی شارٹ فلم ’ʼبادشاہت کا خاتمہ ‘پر کام کر رہے ہیں۔ یہ فلم اردو کے معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی کہانی ’بادشاہت کا خاتمہ‘ پر مبنی ہے۔ اس فلم کی پوری شوٹنگ نینی تال میں مکمل ہوچکی ہے اور مارچ کے دوسرے ہفتے سے ممبئی میں پوسٹ پروڈکشن کا کام شروع کیا جائے گا۔سنجے تیواری نے بتایا کہ تقریباً چالیس منٹ کے دورانیے پر مشتمل اس شارٹ فلم کی پوری شوٹنگ نینی تال کے تلی تال میں واقع بیسک گرلز ہائی اسکول کے ایک کمرے میں اور ملی تال علاقے میں ہانڈی منڈی کے ایک بنگلے میں مکمل ہوئی ہے۔سال 1993 میں زی ٹی وی پر نشر ہونے والے تارا سیریل میں مرکزی معاون کے طور پر کام کر نے کے بعد ہدایتکاری کے شعبہ میں قدم رکھنے والے سنجے کا کہنا ہے وہ پچاس کے عشرے کا ماحول پیش کرنےکے مقصد کے تحت فلم کے پس منظر میں گراموفون، پرانا ٹیلی فون، پنکھا وغیرہ اشیاء کا استعمال کیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فلم کے مکالمے اردو زبان میں ہیں۔ اس فلم میں سبھاش چندر نیشنل اسکول آف ڈرامہ (این ایس ڈی) کے فارغ التحصیل اور نووارد اداکار روحی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس فلم کے اداکار، اداکارہ نینی تال کے ہی رہنے والے ہیں۔ فلم کے ہدایتکار سنجے بھی نینی تال کے رہنے والے ہیں اور اداکار للت تیواری کے چھوٹے بھائی ہیں۔