سپارکو کا سیٹلائٹ موسمیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کیلئے استعمال ہوگا

March 02, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزارت موسمیاتی تبدیلی اور سپارکو کے درمیان پاکستان میں سیٹلائٹ کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلیوں کے جائزے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ پیر کو وزارت موسمیاتی تبدیلی کے دفتر میں مفاہمت کی یادداشت پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی جودت ایاز اور ممبر سار ظفر اقبال نے دستخط کئے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ سپارکو ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کی شفافیت کو بھی یقینی بنائے گا۔ معاہدے کی تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم، وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ناہید درانی، چیئرمین سپارکو میجر جنرل عامر ندیم اور ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے نیشنل پراجیکٹ ڈائریکٹر سلیمان خان وڑائچ، ڈی جی سپارکو زوہیر بخاری، ڈائریکٹر سپارکو بریگیڈئر (ر) طاہر اسلام اور دیگر موجود تھے۔