پروموٹ ہونیوالے پولیس افسر وں کو بیجز لگانے کی تقریب 

March 02, 2021

لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پولیس سروس میں محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے لہٰذا پروموٹ ہونے والے افسران قانون کے یکساں نفاذ،میرٹ کی پاسداری اوربہترین سروس ڈلیوری سے شہریوں کی خدمت اور تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران ہائی پروفیشنل اسٹینڈرڈ کو فالو کرتے ہوئے عوامی خدمت اور جدید کمیونٹی پولیسنگ کواپنا شعار بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روزسنٹرل پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جی کے عہدوں پر پروموٹ ہونے والے افسران کو بیجز لگانے کے بعد ان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔آئی جی پنجاب انعام غنی اور ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر نے افسران کونئے عہدوں کےبیجز لگائے۔دوران تقریب سی سی پی او لاہور، غلام محمود ڈوگر کو ایڈیشنل آئی جی کا رینک لگایا گیاجبکہ جہانزیب نذیر، ساجد کیانی، احمد نواز چیمہ اور صادق علی ڈوگر کو ڈی آئی جی عہدوں کے رینک لگائے گئے۔ آئی جی پنجاب نے پروموٹ ہونے والے افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے انکے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔