کوئٹہ اور اسلام آباد کا ملتوی میچ آج کھیلا جائے گا

March 02, 2021

پاکستان سپر لیگ کا گزشتہ روز ملتوی ہوجانے والا میچ آج کھیلاجائے گا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شام 7 بجے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹاکرا ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے تمام اسکواڈ کا کورونا ٹیسٹمنفی آگیا ہے۔ جبکہ شائقین کے پیر والے ٹکٹس آج کیلئے کارآمد ہوں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پیر کو ہونے والا میچ ملتوی کردیا گیا تھا۔

اس سیزن میں دونوں ٹیمیں 3،3 میچز کھیل چکی ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو میچ جیتے اور ایک میں اسے شکست ہوئی جبکہ کوئٹہ اب تک ایونٹ میں جیت کا مزہ چکھنے سے محروم ہے۔

دوسری جانب پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پشاور زلمی پہلے، لاہور قلندرز دوسرے، کراچی کنگز تیسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھے، ملتان سلطانز پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آخری نمبر پر موجود ہے۔