چین کا سالانہ پارلیمانی اجلاس ،ہانگ کانگ بنیادی ایجنڈے میں شامل

March 06, 2021

بیجنگ (جنگ نیوز )چین میں جمعے کے دن پارلیمان کا اجلاس شروع ہو گیا ، جس میں ہانگ کانگ میں سیاسی اپوزیشن کو کچلنا بنیادی ایجنڈا ہے۔ گزشتہ روز ہی ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز درجنوں کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔دوسری جانب چین اس سال اپنے دفاعی بجٹ میں 6اعشاریہ 8فیصد تک اضافہ کرنا چاہتا ہے۔ بیجنگ میں پیپلز کانگریس کے سالانہ اجلاس کے آغاز کے موقع پر بجٹ کے مسودے میں اس اضافے کی تجویز پیش کی گئی۔ دفاعی بجٹ میں حالیہ اضافہ امریکا، بھارت، تائیوان اور بحیرہ جنوبی چین کے تنازعات کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔چینی نیشنل پیپلز کانگریس کی سالانہ پارلیمانی تقریبات اور میٹنگز برائے 2021 جمعہ پانچ مارچ سے شروع ہو گئی ہیں۔ مسلسل دوسرے برس بھی اس اجلاس کا انعقاد کورونا وبا کے تناظر میں ورچوئل انداز میں کیا گیا ہے۔نیشنل پیپلز کانگریس چین میں قانون سازی کا سب سے بڑا، اہم اور مرکزی پارلیمانی ادارہ ہے۔ اس میں پیش کیے جانے مختلف معاملات کی باضابطہ منظوری لی جاتی ہے حالانکہ حکمران کمیونسٹ پارٹی قومی نوعیت کے معاملات پر حتمی فیصلے پہلے ہی کر چکی ہوتی ہے۔نیشنل پیپلز کانگریس کا فورم بسا اوقات کمیونسٹ پارٹی ملکی پالیسیوں میں تبدیلیوں اور مختلف افراد کے تبادلوں اور ان کی تعیناتی عام کرنے کے لیے بھی استعمال کرتی ہے۔ یہ اجلاس 10سے 14ایام تک جاری رہ سکتا ہے۔