والدہ کی وفات پر بھارتی نوجوان کا زبردست خراج عقیدت

March 06, 2021

بھارت میں نویں جماعت کے طالب علم نے والدہ کی وفات پر غیر اہم سمجھے جانے والے گھریلو کاموں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے والدہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کردیا۔

ہمارے معاشرے میں گھر میں رہنے والی خواتین کے معمول کے کاموں کو عموماً غیر اہم سمجھا جاتا ہے لیکن بھارت میں ایک بچے نے اس سوچ کی نفی کردی ہے۔

کیرالہ کے نویں جماعت کے طالب علم اجوناتھ سندھو نے والدہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک ایسی پینٹگ بنائی جس میں اس نے اپنی ماں کے روزانہ کے کاموں کو رنگوں کے سہارے بیان کیا ہے۔

نوجوان کے آرٹ ورک کو بھارتی حکومت کی سالانہ صنفی رپورٹ کا سرورق بنادیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اجوناتھ کو یہ پینٹنگ کرنے کا خیال اس وقت آیا جب اسکے والد نے اس سے کہا کہ اس کی والدہ گھریلو خاتون تھیں اور وہ کوئی کام نہیں کرتی تھیں جس پر بھارتی طالب علم نے یہ شاندار پینٹنگ بنائی۔

اجوناتھ سندھو کی والدہ اس دنیا میں موجود نہیں رہیں لیکن اجوناتھ کی شاندار پینٹگ کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔