اسپین میں ICU کے مریضوں کیلئے سمندر کنارے عزیزوں سے ملن پروگرام

March 07, 2021

بارسلونا (اے ایف پی) اسپین کے شہر بارسلونا میں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) کے مریضوں کیلئے سمندر کنارے عزیزوں سے ملن پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ بارسلونا کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں کووڈ 19 کے ساتھ 48 دن گزارنے کے بعد ابرار احمد افتخار بالآخر تازہ ہوا میں نکل کر خوش نظر آئے۔ اسپین کے شہر کی سمندر کنارے ان کے خاندان، جنہوں نے انہیں اسپتال میں داخلے کے بعد سے نہیں دیکھا، نے ان کا استقبال بوسے لے کر اور گلے لگا کر کیا۔ 52 سالہ ابرار، جو 30 سال قبل پاکستان سے اسپین منتقل ہوئے تھے، کی گردن میں ایک ٹیوب ہے جو انہیں سانس لینے دیتی ہے لیکن انہیں بولنے سے روکتی ہے۔ وہ پیار محبت کا جواب مسکراہٹوں اور الفاظ ادا کرنے کی کوشش کرنے کیلئے اپنے ہونٹ چلاکر کرتے ہیں۔ ان کی اہلیہ ان کا ہاتھ تھامتی ہیں جبکہ ان کے بھائی اور بہن ان کے چہرے کو پیار سے تھپتھپاتے ہیں۔ جب بحیرہ روم کی ہوا فضاء کو ٹھنڈا کرتی ہے تو بیڈشیٹ کو احتیاط سے ایڈجسٹ کرتے ہوئے ان کا 18 سالہ بیٹا حسین اپنی جگہ سے نہیں ہٹتا۔ آئی سی یو کے ڈاکٹر جوڈتھ میرن کا کہنا ہے کہ سمندر کنارے عزیزوں سے ملن پروگرام کا حصہ ہے جسے اسپتال ڈیل مار (سمندر کا اسپتال) نے شروع کیا ہے تاکہ آئی سی یو کے قیام کو ’کم ناخوشگوار اور لوگوں کیلئے مناسب‘ بنانے کی کوشش کی جائے اور مریضوں کی جسمانی اور جذباتی بہبود کو شامل کیا جائے۔اس سیر و چہل قدمی میں حصہ لینے کیلئے مریض کا پہلے کوڈ 19 کا ٹیسٹ منفی ہونا چاہئے اور ان کی صحت یابی میں نمایاں پیشرفت کی ضرورت ہے۔ مریض باہر ہوں تو ان کی نگرانی کی جاتی ہے اور اگر ضرورت ہو تو ہنگامی بحالی زندگی کا سامان موجود ہوتا ہے۔