امریکا کے 30 ہزار اداروں پر چینی سائبر حملوں کا انکشاف

March 07, 2021

واشنگٹن (اے ایف پی /جنگ نیوز )امریکا کے سرکاری اور نجی اداروں کو باقاعدہ مہم کے تحت چینی سائبر حملوں کا نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔اے ایف پی کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں کم از کم 30 ہزار امریکی اداروں کو چینی سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جن میں سرکاری ادارے بھی شامل ہیں۔کمپیوٹر سیکیورٹی کے ماہر برائن کریبز کے مطابق اس مہم کے تحت مائیکرو سافٹ کے ’ایکسچینج‘ سافٹ ویئر میں خامیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ای میلز چرائی گئی ہیں اور کمپیوٹر سرورز کو متاثر کیا گیا ہے۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے سائبر سیکیورٹی کے ان حملوں کو فعال خطرہ قرار دیا ہے۔ترجمان جینیفر پساکی کا کہا تھا کہ سائبر حملے سے متعدد افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔منگل کے روز مائیکروسافٹ کمپنی کی جانب سے سافٹ ویئر میں خامیوں کی نشاندہی کے بعد سائبر حملوں کی تعداد میں یکدم اضافہ ہو گیا تھا۔متاثر ہونے والی 30 ہزار کمپنیوں میں چھوٹے کاروباروں کے علاوہ مقامی حکومتوں کے دفاتر بھی شامل ہیں۔مائیکروسافٹ نے رواں ہفتے کے شروع میں کہا تھا کہ حکومت کی سرپرستی میں ہیکنگ گروپ چین سے حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جو ایکسچینج ای میل سروس کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیٹا چوری کر رہا ہے۔