پُرتشدد جرائم کیخلاف میٹ کا پہلا آل فیمیل آپریشن

March 08, 2021

لندن (پی اے) میٹرو پولیٹن پولیس نے ڈکیتی اور پرتشد جرائم سے نمٹنے میں مدد کے لیے پہلا آل فیمیل آپریشن کیا۔ انٹر نیشنل ویمنز ڈے پر سائوتھ لندن کی لمبیتھ اور سائوتھ وارک بروز میں ہفتے کی ٹیسٹ شفٹ میں ڈکیتی اور پرتشدد جرائم کے بارے میں ہر کال آئوٹ سے فیمیل ٹیم نے نمٹنے کی کارروائی کی۔ قائم مقام انسپکٹر بیکی پرکنز نے کہا ہے کہ اپنی صلاحیتوں کے حقیقی اظہار کیلئے مختلف محکموں سے بہت ساری مختلف خواتین کو اکٹھا کرنا ان کیلئے اہم تھا۔ ہم تمام عمروں، پس منظر اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے حامل ہیں جو میٹ میں کام کررہی ہیں۔ وہ اس آپریشن کے لیے ہماری سروس کے اندر تنوع کو مزید اجاگر کرنے کیلئے ساتھ آئیں، شفٹ کے دوران ڈرائیور سے لے کر پرزنر پروسنگ شہادت کے جائزے، سادہ لباس میں افسران اور گشت کا عملہ تک خواتین پر مشتمل تھا۔ روک کر تلاشی کی کئی کارروائیاں منشیات پکڑنے پر منتج ہوئیں، پُرتشدد جرم پر ایک مرد اور مجرمانہ طور پر نقصان پہنچانے پر ایک عورت کو گرفتار کیا گیا۔ قائم مقام انسپکٹر نے بتایا کہ آل فیمیل آپریشن سے افسران کو موجودہ کرداروں میں بااختیار ہونے کا احساس ملا بلکہ اپنے کیریئر کو مزید توسیع دینے کا حوصلہ ملا۔ انہوں نے ذاتی طور پر مشاہد کیا کہ حصہ لینے والا عملہ ایسا کرنے کیلئے حقیقتاً پرجوش تھا اور لندن کو محفوظ رکھنے میں اہم حصہ ادا کرنے پر فخر کے احساس سے سرشر تھا۔ میٹ جس کی سربراہ کمشنر ڈیم کریسڈا ہیں، اس وقت32455پولیس افسران پر مشتمل ہے، جن میں9096خواتین ہیں۔ قائم مقام انسپکٹر نے بتایا کہ امید ہے کہ نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی مزید خواتین میٹ میں شمولیت کے بارے میں سوچیں گی۔