ہمارے 12 ساتھی دہشت گردی کے کیس میں نامزد ہیں،حلیم عادل شیخ

March 13, 2021


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ ہمارے 12 ساتھی دہشت گردی کے کیس میں نامزد ہیں، ہمارے ساتھیوں اور میرا یہ قصور ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میں سندھ کے عوام کے لیے آواز بلند کرتا ہوں۔

حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈان لیکس سے لیکر آج تک ملک کے اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، ن لیگ کے ایم این اے کے منہ میں زبان مریم نواز، نواز شریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی طرح شکست نہیں مانتے، مقابلہ کریں گے، کبھی مجھے جیل لے جاتے ہیں کبھی اسپتال۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں فارم ہاؤس پر کارروائی کے دوران ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت کے لیے اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ پیش ہوئے۔

عدالت کی جانب سے پروگریس رپورٹ پیش نہ کرنے پرتفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا گیا اور آئندہ سماعت پر پروگریس رپورٹ ضرور پیش کی جانے کی ہدایت کی گئی۔

عدالت نے آئندہ سماعت چالان طلب کرتے ہوئے 24 مارچ تک ملتوی کردی، حلیم عادل شیخ کی ضمانت میں بھی 24 مارچ تک توسیع کردی گئی ہے۔