نیا پاکستان ہاؤسنگ، گھروں کی تعمیر، سبسڈی پر نظرثانی شدہ طریقہ منظور

March 18, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیاپاکستان ہاؤسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت پہلے مرحلے میں رواں برس کے آخرتک ایک لاکھ گھروں کی تعمیرکیلئے مقررکردہ اہلیت وگھروں کی لاگت پر سبسڈی کی ادائیگی کے نظر ثانی شدہ طریقہ کار کی منظوری دے دی۔

ای سی سی نے آزادجموں وکشمیرحکومت کیساتھ بجلی بقایاجات وٹیرف سے متعلق امور کے حل کیلئے ذیلی کمیٹی کے قیام، تھرکول پاور پراجیکٹ سے بجلی کی ترسیل کیلئے مقامی بینکوں سے 15 ارب25کروڑ روپے کے قرضہ کیلئے حکومتی گارنٹی جاری کرنے ، 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری بھی دی۔

کراچی میں قائداعظم اکیڈیمی کے قیام کیلئے قومی ادبی وثقافتی ورثہ ڈویژن کو 29.38 ملین روپے، گارڈن ویسٹ (پاکستان کوارٹرز) کی لیز کی تجدید کیلئے بھی ضمنی گرانٹس منظور کی گئیں،کمیٹی کا اجلاس وزیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا۔

کمیٹی نے نیاپاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کم آمدنی والے طبقات کو کم لاگت گھروں کی تعمیر اورمالکانہ حقوق دینے کیلئے مناسب نرخوں پرہائوسنگ فنانس( قرضے ) کی سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں اقدامات کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں نیاپاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ایک اور سمری پیش کی گئی جس کے تحت کم لاگت گھروں کی تعمیرکیلئے سرکاری اورنجی شعبے کی شراکت داری کے تحت خریداری معاہدوں کی اجازت کی منظوری بھی دی گئی۔

نیاپاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے گھروں کیلئے قرضوں کی سبسڈی سکیم کے کلیدی اشاریوں پرنظرثانی سے متعلق سمری کی منظوری بھی دی گئی جس کی سفارش سٹیٹ بینک نے بھی کی ہے۔