جمہوریہ چیک، پولینڈ کے سفارتخانوں میں بھی یومِ پاکستان کی مناسبت سے تقریبات

March 24, 2021

دنیا بھر کی طرح جمہوریہ چیک اور پولینڈ کے سفارت خانوں میں بھی 23 مارچ کے قومی دن کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی گئیں۔

اس موقع پر جمہوریہ چیک میں سفیر پاکستان محمد خالد جمالی اور پولینڈ میں پاکستان کے سفیر فاروق ملک نے پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔

کرونا وائرس کی صورتحال کے پیشِ نظر اس حوالے سے اجتماعات کو صرف سفارت خانے کے عملے تک محدود رکھا گیا تھا۔

پرچم کشائی کے بعد دونوں جگہ ترتیب کے لحاظ سے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

بعدازاں دونوں سفراء نے اپنے ویڈیو پیغامات میں ان ممالک میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو قومی دن کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے حاصل تجربات سے اپنے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔