کل مریم نواز کے ساتھ پی پی ہوگی، سعید غنی

March 25, 2021

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا اتحاد جاری ہے ہماری راہیں جدا نہیں ہوئی ہیں، کل مریم نواز کے ساتھ پی پی ہوگی اور قمر الزمان کائرہ موجود ہوں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ اساتذہ کو پبلک سروس کمیشن کے تحت ریگلولر ہونے کا کہا گیا مگر یہ نہیں گئے، ان کے کیس میں چیف سیکریٹری اور سیکریٹری ایجوکیشن پر توہین عدالت بھی ہوئی۔

سعید غنی نے کہا کہ عدالت نے کہا کہ جو پبلک سروس کمیشن نہیں گئے انہیں فارغ کردیا جائے، پھر یہ حیدرآباد کورٹ چلے گئے وہاں سے ان کے خلاف کارروائی کرنے سے روک دیا گیا، عدالتی فیصلے کے مطابق ان کی تنخواہیں جاری رکھیں اور کنٹریکٹ میں چھ ماہ توسیع کردی۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے کیس چیف جسٹس کو بھیجنے کی استدعا کی، اسی دوران یہ سپریم کورٹ چلے گئے، ہمارے پاس عدالتی فیصلوں پر عمل کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، یہ ضد کرکے بیٹھ گئے ہیں اب ہم کچھ نہیں کرسکتے۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ یہ اسکولوں میں نہیں جارہے بلکہ احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں، یہ پریس کلب اور اسمبلی کے باہر رہے انہیں کسی نے کچھ نہیں کہا، احتجاج کی بھی حدود ہیں اگر سی ایم ہاوس جائیں گے توپولیس انہیں روکے گی۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ریڈ زون میں سیکورٹی ایشوز ہوتے ہیں ان کی آڑ میں کوئی اور کارروائی نہ ہوجائے، ہائیکورٹ کے فیصلے کی موجودگی میں انہیں مستقل نہیں کیا جا سکتا۔

سعید غنی نے کہا کہ جج صاحبان بھی ایک دائرے میں ہیں خواہشات پر فیصلے نہیں کرسکتے، عدالتیں قانون و آئین کے مطابق فیصلے کرنے کی پابند ہیں، جج صاحبان سے گزارش ہیں سکھر بینچ جیسے فیصلے نہ کریں اس سے تماشہ بنتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جامشورو میں تین ایم پی اے ہیں پتا نہیں کسے معطل کرنے کا کہا گیا ہے،سکھر بینچ کا فیصلہ غلط ہے،دیکھتے ہیں الیکشن کمیشن اس پر کیا فیصلہ کرتی ہے۔

اُنہوں نے آوارہ کتوں کے حوالے سے کہا کہ ایسا نہیں کہ کتے سندھ کے علاوہ کہیں نہیں کاٹتے، کراچی میں ڈی ایم سی کی ذمے داری ہے کہ کتوں کی بہتات کو روکا جائے جبکہ باقی جگہ میونسپل کارپوریشنز کی ذمےداری ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ پہلے کتوں کو زہر دے کر مار دیا جاتا تھا، لوگوں نے اعتراض کیا کہ ایسے نہ مارا جائے، پھر کتوں کی ویکسینیشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کتوں کی ویکسن کرنا کتوں کو مارنے سے زیادہ مشکل ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ این جے وی میں 21 بچوں نے اے ون گریڈ حاصل کیے ہیں، سرکاری اسکول این جے وی کی قابل ستائش کارکردگی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ چار لاکھ 75 ہزار بچے ایس ای ایف کے ذریعے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، مزید پونے تین لاکھ بچے اس سال اس میں شامل ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم جو کرنا چاہتے تھے نہیں کر سکے اس کی بڑی وجہ کورونا وبا ہے، ایک سال جو ضائع ہوا واپس نہیں آسکتا۔

وزیرتعلیم سندھ نے یہ بھی کہا کہ ٹرانسفر پالیسی بنائی ہے ٹیچر اپنی مرضی سے تبادلہ نہیں کروا سکتے، 37 ہزار ٹیچر بھرتی کرنے جارہے ہیں، دعویٰ ہے کہ تمام ٹیچرز میرٹ پر بھرتی ہوں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ کوئی ایسا ذریعہ نہیں جس سے پتہ لگے کہ کتنے فیصد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، کچھ پرائیویٹ اسکول رجسٹرڈ نہیں، مدرسوں میں کتنے بچے پڑھ رہے ہیں یہ بھی معلوم نہیں۔

وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ جو شرح تعلیم نہ حاصل کرنے والوں کی بتائی جاتی ہے وہ ٹھیک نہیں۔