• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی نیب پیشی، کارکن ساتھ لانےسے روکنےکی درخواست نمٹا دی گئی


لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو نیب پیشی پر کارکنوں کو ساتھ لانے سے روکنے کی نیب کی درخواست نمٹا دی۔

مریم نواز کو نیب پیشی پر کارکنوں کو ساتھ لانے سے روکنے کی نیب کی درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کی جن میں جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال شامل تھے۔

دوران سماعت جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا کہ یہ تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان کو یقینی بنائے، آپ یہ معاملہ عدالت کیوں لے آئے ہیں؟ ریاست کہاں ہے؟ عدالت کو اس سیاسی کام میں کیوں لایا جا رہا ہے؟

سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ اگر کوئی قانون کی پاسداری نہیں کرے گا تو قانون اپنا راستہ بنائے گا، ہر شہری کی ذمہ داری ہےکہ وہ قانون کی پاسداری کرے، درخواست آئین کے آرٹیکل 5 کی عملداری کیلئے دائر کی گئی۔

 نیب لاہور نے درخواست میں موقف دیا تھا کہ مریم نواز 26 مارچ کو پیشی پر اکیلے آئے، کارکنوں کو ساتھ لانا تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔ مریم نواز کو دو کیسوں میں طلب کیا ہے۔

درخواست کے مطابق مریم نواز نے پی ڈی ایم کے کارکنوں کے ساتھ نیب میں پیش ہونے کا اعلان کیا ہے، مریم نواز نے دھمکی دی ہے کہ وہ اکیلی نیب میں پیش نہیں ہوں گی۔

نیب لاہور درخواست میں کہا گیا تھا کہ مریم نواز انکوائری میں پیش ہونے کے بجائے نیب تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں، مریم نوازکو پابند کیا جائے کہ وہ پیشی کے وقت مجمع کےساتھ نہ آئیں۔

تازہ ترین