• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت وعدے پورے نہیں کرتی، مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ کو ایک منصوبہ نہیں دیا یہ وعدے پورے نہیں کرتے لیکن ہم تمام سازشوں کے باوجود بھی ترقیاتی کام جاری رکھیں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے لانڈھی میں ایس این ویسٹ انسینیریشن پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت فضائی آلودگی کی کمی کیلئے پودے لگا رہی ہے، ساحلی پٹی پر پودے اور درخت لگائے جارہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو این ایف سی کی مد میں 80 ارب روپے کم ملے ہیں جس سے ہمارے ترقیاتی منصوبے متاثر ہوں گے۔

ترجمان سندھ حکومت نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سائٹ صنعتی علاقے کے لیے گیارہ نئی سڑکیں منظور کی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہریار شر کی فریال تالپور صاحبہ سمیت وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات ہوئی، پی ٹی آئی حکومت جب جزائر کے خلاف منصوبہ لائی اس وقت بھی شہریار شر سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہوئے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ ہمارا خلوص ہے کہ لوگ پیپلزپارٹی کے ساتھ آرہے ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ اصول پر ساتھ کھڑے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سیلیکٹڈ لوگوں کو مسلط کیا جائے گا تو ہم ساتھ ہوں گے۔

ترجمان سندھ حکومت کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں حکومتیں اپنے لوگوں کو کورونا ویکسین دے رہی ہیں۔

تازہ ترین