پی ڈی ایم اتحاد میں کسی کو زبردستی نہیں لایا گیا، شاہد خاقان عباسی

March 26, 2021

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اتحاد میں کسی کو زبردستی نہیں لایا گیا، اگر کوئی اتحاد کے فیصلوں سے انحراف کرے تو اس کا اتحاد میں رہنا مشکل ہوجاتا ہے۔

جیونیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم مفاد یا اقتدار کی جنگ نہیں یہ نظام کی تبدیلی کی جنگ ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سینیٹ میں لیڈر آف اپوزیشن اتنی اہم کرسی نہیں ہے، اگر اس معاملے کو پیپلز پارٹی پی ڈی ایم میں لے آتی تو معاملہ طے ہو جاتا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کی فاؤنڈنگ پارٹی نہیں ہے، یہ ممکن نہیں کہ اتحاد کی کچھ باتوں کو تسلیم نہ کیا جائے، اس سے بڑے مقصد میں ابہام پیدا ہوتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ سیٹیں چھوڑنا آسان کام نہیں ہے پاکستان کی تاریخ میں ایسا کوئی واقعہ نہیں ہے۔

پروگرام جرگہ کل بروز ہفتہ شب 10 بجکر 5 منٹ پر نشر ہو گا۔