پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے ووٹوں سے سینیٹر بنے ہیں، پیپلز پارٹی نے 20 ستمبر کے کانٹریکٹ پر دھوکہ دیا ہے۔
ایک بیان میں احسن اقبال کا کہنا ہے کہ گیلانی کو سینیٹر بنانے کے لیے 81 ووٹ ن لیگ نے دیئے، پی ڈی ایم میں 8 جماعتیں اپنے مشن سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم باضابطہ مطالبہ کریں گے کہ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلایا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگر کوئی اصول نہیں رکھنے تو میں بھی سب پر بھاری ہوسکتا ہوں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں ہمیں الٹی چھری سے ذبح کرنے کی کوشش کی گئی، کسی نے ہمارے ساتھ ہاتھ نہیں کیا اپنے ساتھ ہاتھ کردیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ جن 4 سینیٹرز نے پیپلز پارٹی کی حمایت کی ہے سب جانتے ہیں وہ کس کی ہدایت پر کام کرتے ہیں۔