برطانیہ میں روڈ میپ کے مطابق لاک ڈاؤن پابندیوں میں نرمی ہوگی، بورس جانسن

March 28, 2021

لندن (سعید نیازی) وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ یورپ میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باوجود برطانیہ میں روڈ میپ کے مطابق لاک ڈائون کی پابندیاں نرم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے یہ بات ہفتہ کو کنزرویٹو ورچوئل اسپرنگ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا ہے کہ چند روز کے بعد لوگ بال کٹوانے کیلئے ہیر ڈریسر کے پاس جاسکیں گے اور پب جاکر بیئر سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ واضح رہے کہ پیر سے دو گھرانوں کے چھ افراد گھر سے باہر یا پرائیوٹ گارڈن میں بھی ملاقات کرسکیں گے، جبکہ12اپریل سے غیر ضروری اشیا کی دکانیں ہیر ڈریسر، جم اور آئوٹ ڈور ہاسپٹیلٹی کے مقامات کھل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب ڈیٹا انہیں پابندیوں کو نرم کرنے سے نہیں روکتی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں، جس کے اثرات برطانیہ میں بھی پڑ سکتے ہیں لیکن ویسے اثرات ظاہر ہونے میں تین ہفتے لگ سکتے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ ماضی کی طرح اس کے اثرات شدید ہوں گے، یہاں کامیاب پروگرام ویکسی نیشن پروگرام کے سبب کم ہوں گے، لیکن اس سوال کا جواب فی الحال نہیں دیا جاسکتا، دریں اثناء ویکسین منسٹر ندیم ضماوی نے کہا ہے کہ70برس سے زائد عمر کے افراد کو وائرسز کی نئی اقسام سے محفوظ رکھنے کیلئے کوویڈ بوسٹر جیب دی جاسکتی ہے۔