عوام کو چندے کی ویکسین پر لگایا ہوا ہے، مرتضیٰ وہاب

March 29, 2021

ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کورونا وائرس کی ویکسین سے متعلق کہنا ہے کہ 22 کروڑ عوام میں سے 22 لاکھ لوگوں کو ویکسین نہیں ملی، ابھی تک چندے کی ویکسین پر عوام کو لگایا ہوا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین لانے کی ذمہ داری وفاق کی ہے، کم سے کم دس فیصد ویکسین تو درآمد کر لیں، وفاقی حکومت ہمیں اجازت دے ہم ویکسین خود خرید لیں گے، سب سے بڑا تناسب سندھ میں ویکسین لگانے والوں کا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی سختی کا عالم یہ ہے کہ وہ پارٹیاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے وفاقی وزیر شبلی فراز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی دن شبلی فراز اسلام آباد کورونا وائرس کیسز کا ذمہ دار بھی مراد علی شاہ کو قرار دے دیں گے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جب ہم کوروناوائرس سے احتیاط کا کہتے تھے تو کپتان مذاق اڑاتے تھے، کپتان کہتے تھے سندھ حکومت معیشت روزگار کے خلاف سازش کر رہی ہے، اب خان صاحب خود اس تکلیف سے گزرے تو لوگوں کو تلقین کر رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں پولیو مہم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی انسداد پولیو مہم کا آغاز دہلی کالونی میں کیا گیا ہے، انسداد پولیو مہم 4 اپریل تک جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانچ سال کے 94 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی خوراک پلائی جائیں گی۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے والدین سےاپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔

اُن کا بتانا تھا کہ پولیو کا آخری کیس جولائی 2020ء میں جیکب آباد میں سامنے آیا تھا۔