کراچی، مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

March 30, 2021


کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع وسطی کے تین سب ڈیوژنز کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن ضلع وسطی کے ڈیوژنز نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور گلبرگ کی مختلف یوسیز کے علاقوں اور رہائشی یونٹس پر لگایا گیا ہے، جس کا نفاذ 29 مارچ سے 12 اپریل تک ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی پر کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد کو ماسک پہننا لازمی ہوگا، متاثرہ علاقوں کے لوگ کی غیر ضروری نقل و حرکت پر اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق علاقے میں تمام کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی جبکہ متاثرہ علاقوں میں کسی بھی قسم کے اجتماع پر پابندی ہوگی، جبکہ ان علاقوں میں کورونا مثبت افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ رہیں گے۔