ماہرہ خان نے شادی کی تردید کردی

March 30, 2021

پاکستان کی ہر دلعزیز اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے اپنی شادی سے متعلق زیر گردش افواہوں کی تردید کر دی گئی ہے۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے حال ہی میں معروف میزبان میرا سیٹھی کو دیئے گئے انٹرویو سے کچھ مختصر کلپ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہے ہیں جس میں وہ متعدد دلچسپ سوالوں کے جوابات خوشگوار انداز میں دیتی نظر آ رہی ہیں۔

او ٹی ٹی پلیٹ پر نشر ہونے والے ٹاک شو کے دوران میرا سیٹھی کی جانب سے شو کے آخر میں ماہرہ خان سے چند سوالات پوچھے گئے جس کے اُنہوں نے تیزی سے جوابات دیئے۔

انہی سوالوں میں میرا سیٹھی نے ماہرہ خان سے پوچھا کہ ’سب سے عجیب افواہ جو آپ نے اپنے بارے میں سنی ہو؟‘


جس کا جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ’ آج کل اُن سے متعلق ایک افواہ زیر گردش ہے کہ انہوں نے شادی کر لی ہے۔‘

ماہرہ خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’اس افواہ سے متعلق اُن کی پھپو نے بھی اُن سے سوال کیا تھا کہ اُنہوں نے شادی کر لی اور اپنی پھپو کو شادی پر بلایا نہیں، ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت پکی افواہ ہے جو آج کل بہت زیادہ پھیلی ہوئی ہے کہ اُنہوں نے نکا ح کر لیا ہے۔‘

اس پر میرا سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’اُنہوں نے بھی ماہرہ خان سے متعلق یہ افواہ ایک سے دو ماہ قبل سُنی تھی کہ ماہرہخان نے شادی کر لی ہے ۔‘