ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ، مہنگائی کی شرح 17اعشاریہ 21فیصد تک پہنچ گئی

April 02, 2021

محکمہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 17 اعشاریہ21 فیصد پر پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے تحت ملک میں چینی کی فی کلو اوسط قیمت نے ایک بار پھر سنچری کرلی۔

رپورٹکے مطابق چینی اوسط 1 روپے 90 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوئی، یوں چینی نے ایک بار پھر 100 روپے کا ہندسہ عبور کرلیا اور وہ اب 100 روپے 92 پیسے کلو ہوگئی ہے۔


ایک ہفتہ میں 15 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، مٹن کی اوسط فی کلو قیمت 10 روپے 53 پیسے بڑھی، بیف کی فی کلو قیمت میں 4 روپے44 پیسے اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے گھی 83 پیسے فی کلو، دودھ 12 پیسے فی لیٹر، دہی 23 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1 روپے 9 پیسے، کیلا 2 روپے 14پیسے، انڈے 5 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔

حالیہ ہفتے کے دوران 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، جبکہ 24 میں استحکام رہا۔

رپورٹ کے مطابق مرغی 21 روپے 92 پیسے فی کلو، ٹماٹر 2 روپے 68 پیسے فی کلو، پیاز 68 پیسے، آلو 29 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوران دال چنا، دال مسور، دال ماش اور ایل پی جی کی قیمتیں کم ہوئیں۔