سندھ: 8 ویں تک اسکول 15 دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

April 04, 2021

کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی تیسری لہر کے پیشِ نظر محکمۂ تعلیم سندھ نے صوبے میں 8 ویں جماعت تک نجی و سرکاری اسکولوں کو 15 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمۂ تعلیم سندھ نے کورونا وائرس کی صورتِ حال کے پیشِ نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک اسکول 15 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ منگل 6 اپریل سے بدھ 21 اپریل 2021ء تک 15 روز کے لیے صوبے کے اسکولوں میں آٹھویں تک فزیکل کلاسز معطل رہیں گی۔

وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے یہ بھی کہا ہے کہ بچوں کی تعلیم کو آن لائن، ہوم ورک اور دیگر ذرائع سے جاری رکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب محکمۂ تعلیم سندھ نے 15 روز کے لیے ایلیمنٹری سے 8 ویں جماعت تک تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔