انتقامی کارروائیاں کرنیوالے سرکاری افسروں کو نہیں چھوڑینگے، احسن اقبال

April 08, 2021

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکر ٹری جنرل احسن اقبال نے خبردار کیا ہےکہ اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائیوں کا حصہ بننے والے سرکاری افسران خیر منا ئیں اقتدار میں آکر نہیں چھوڑیں گے، قانون کے کٹہرے میں لایا جا ئیگا، فیصلے کے باوجود بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا جارہا، سپریم کورٹ نوٹس لے، پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا ہے کہ حکومتی ادارے عدالتی فیصلے پر عمل کرنے کے پابند ہیں لیکن پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں پر انکے دفاتر بند کر دیئے گئے ہیں، پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے انکاری ہے ، انہوں نے عدالت عظمیٰ سے اپیل کی کہ وزیراعلیٰ اوران افسران کو نوٹس بھیجے جائیں جو روڑے اٹکا رہے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی ایماء پر ن لیگ کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، سول سرونٹس ریاست پاکستان کے ملازم ہیں جو پرانے مقدمات کو فالو کریگا ان کیخلاف کمیشن بنے گا۔