حکومت سے PP کی ڈیل نہیں ہوئی: سلیم مانڈوی والا

April 08, 2021

سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ حکومت سے پیپلز پارٹی یا کسی پارٹی کی ڈیل نہیں ہوئی۔

سینیٹر سلیم مانڈی والا نے احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ڈیل کا غلط تاثر دیا جا رہا ہے، کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ختم ہونے کا بھی غلط تاثر دیا جا رہا ہے۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ پارٹیاں ایک پیج پر نہ ہوں تویہ مطلب نہیں کہ پی ڈی ایم ختم ہو گئی، اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کے مطابق طے کیا ہے کہ مل کر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے ساتھ کچھ نہیں کیا، پارلیمنٹ کی سرگرمی ہے، ہم نے تمام اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر کا مزید کہنا ہے کہ سینیٹ کے اندر تمام پارٹیاں ایک صفحے پر ہوں گی، اپوزیشن سینیٹ کے اندر متحد ہو گی۔

سلیم مانڈوی والا نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم ختم نہیں ہوئی، اپوزیشن ختم نہیں ہو گی، چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل آج دائر کی گئی ہے۔