برطانیہ میں پاکستانی شہری کے قاتل کو 18ماہ قید کی سزا کیخلاف اپیل

April 09, 2021

لندن (مرتضٰی علی شاہ) برطانیہ میں ریستوران کے مالک پاکستانی شہری سید شیراز حیدر زیدی کو قتل کرکے بھاگ جانے والے 21سالہ شخص کو صرف 18 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے، جس کے خلاف پاکستانی فیملی نے اپیل کا فیصلہ کیا ہے۔ گیری ہیفنڈن نے نشے کی حالت میں اوور اسپیڈنگ کرکے شیراز حیدر کو 17 مارچ، 2019 کو ان کی اہلیہ اور دو بچوں کے سامنے ہلاک کیا تھا۔ جب کہ ریڈنگ کرائون کورٹ نے رواں ہفتے اسے 18 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ جس پر مرحوم کے گھروالوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنگین جرم کا ارتکاب کرنے والا چند ماہ کی سزا کاٹ کر آزاد ہوجائے گا۔ شیراز حیدر کے رشتہ دار سید علی رضا زیدی نے آن لائن پٹیشن کے ذریعے سزا کے خلاف مہم شروع کی ہے اور برطانوی پارلیمنٹ سے قانون میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ شیراز حیدر کا تعلق کراچی سے تھا۔ وہ چند برس قبل ہی برطانیہ منتقل ہوئے تھے۔ عدالت کے سامنے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پیش کی گئی جب کہ عدالت کو بتایا گیا کہ گیری ہیفنڈن 16 اگست، 2018 کو بھی ایک حادثے کی وجہ بنا تھا اور اس نے گراہم نکولس کو شدید زخمی کردیا تھا۔