پردے سے متعلق وزیراعظم کا بیان حقائق پر مبنی ہے‘ جمعیت ن

April 12, 2021

کوئٹہ (آن لائن )جمعیت علماءاسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی نے وزیراعظم کے ملک میں بڑھتی فحاشی وعریانی سے متعلق بیان اور خواتین کے پردہ سے متعلق تجزیئے کودرست قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ عورتوں کاپردہ ہی ان کی حفاظت وتحفظ کا ذریعہ ہے‘ انہوں نے لبرل وسیکولرقوتوں کی جانب سے وزیراعظم کے پردے کی حوالے سے حقیقت پسندانہ بیان پر واویلے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جمعیت نظریاتی کے موجودہ حکومت کی مختلف پالیسیوں پراختلافات اورتحفظات کے باوجودان کی مغرب کیخلاف اوراسلامی دنیا کی کھلی ترجمانی کی نہ صرف حمایت بلکہ اسے قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔جہاں تک خواتین کے حقوق یاپردے کی بات ہے تواسلام نے خواتین کوجوحق دیا اسکی نظیردنیامیں کوئی مثال پیش کرسکتا۔جہاں تک پاکستان کے مغرب ویورپ زدہ عناصرکا تعلق ہے تودوسروں کی خوشنودی کیلئے ملک میں مغرب زدہ ایک فیصدعناصرفحاشی عریانی عام کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ جمعیت نظریاتی ان مغرب زدہ عناصرپرواضح کردیناچاہتی ہے کہ پاکستان اسلام کے مقدس نام پروجودمیں آیا۔انہوں نے کہاکہ پردے سے متعلق وزیراعظم کابیان سو فیصد درست ہے ۔انہوںنے لبرل وسیکولر عناصر و مغرب پروردہ میڈیا کی جانب سے پردے سے متعلق واویلے کی مذمت کی۔