فضل الرحمٰن پیپلز پارٹی کیلئے دروازہ کھلا رکھناچاہتے ہیں، تجزیہ کار

April 14, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال مولانا فضل الرحمٰن کا پیپلز پارٹی اور اے این پی سے پی ڈی ایم چھوڑنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ، کیا دونوں جماعتیں فیصلے پر نظرثانی کریں گی؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن پیپلز پارٹی کیلئے دروازہ کھلا رکھناچاہتے ہیں، پاکستان میں سیاست گڈا گڈی کا کھیل نہیں کٹھ پتلی کا کھیل ہے، پاکستان میں سیاست مفادات کا ٹکراؤ ہے جو ہورہا ہے ایسا ہی ہوگا،پی ڈی ایم کی بڑی جماعتیں ماضی میں کئی مرتبہ ایک دوسرے کو استعمال کر کے اپنا مطلب نکال چکی ہیں۔

بینظیر شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن پیپلز پارٹی کیلئے دروازہ کھلا رکھناچاہتے ہیں، پیپلز پارٹی کی اب پی ڈی ایم میں کوئی خاص دلچسپی نہیں رہ گئی ہے، پیپلز پارٹی رمضان میں آئی ایم ایف اور مہنگائی کیخلاف تحریک چلانے کا اشارہ دے رہی ہے،پیپلز پارٹی نے کراچی میں مفتاح اسماعیل کی حمایت نہ کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے، پی ڈی ایم سے بڑا مسئلہ یہاں حکومت کی ناکامی کا ہے

کل سے ملک بھر کی سڑکیں بند ہیں حکومت نظر نہیں آرہی ہے۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی بڑی جماعتیں ماضی میں کئی مرتبہ ایک دوسرے کو استعمال کر کے اپنا مطلب نکال چکی ہیں آئندہ بھی یہی سلسلہ جاری رہے گا۔