امریکہ و کینیڈا میں رمضان کا آغاز متفقہ طور پر نہ ہو سکا

April 14, 2021

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکہ و کینیڈا میں ماہ رمضان کا آغاز متفقہ طور پر نہیں ہو سکا۔ مسلم فلکیاتی قمری کیلنڈر پر عمل کرنے والی مسلم کمیونٹی نے پہلے سے طے شدہ اعلان کے مطابق 12 اپریل کی رات نماز تراویح ادا کر کے منگل 13اپریل کو پہلا روزہ رکھا جبکہ رویت ہلال یعنی چاند دیکھ کر رمضان کا آغاز کرنے والی تنظیموں اور مساجد نے چاند نظر نہ آنے کا جواز بیان کرتے ہوئے بدھ 14 اپریل کو پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا۔ اہل تشیع کی تنظیم (I.M.A.M) ’’امام‘‘ کے جاری کردہ اعلان، الخوئی سنٹر اور المہدی فائونڈیشن کے علامہ سخاوت سندرالوی کے علیحدہ علیحدہ اعلانات کے مطابق امریکہ و کینیڈا بھر میں پیر 12 اپریل کو چاند نظر نہیں آیا۔ لہٰذا بدھ 14 اپریل کو پہلا روزہ ہوگا۔ اُدھر جماعت اہل سنت امریکہ کے سربراہ مفتی قمرالدین، مولانا مقصود قادری ٹورنٹو کینیڈا کی ہلال کمیٹی آف ٹورنٹو کے اعلانات کے مطابق بھی پیر کو شمالی امریکہ میں کہیں سے بھی چاند دیکھنے کی اطلاعات یا شہادتیں موصول نہیں ہوئیں لہٰذا پہلا روزہ بدھ 14اپریل کو ہوگا۔ آغاز رمضان کے موقع پر نیویارک میں امریکن کونسل آف مینیارٹی وویمن اور اسلامک ریلیف کے اشتراک سے ضرورتمند مسلم خاندانوں کیلئے گروسری اور غذائی ضروریات کیلئے مفت راشن کی فراہمی اور تقسیم کا عوامی اجتماع ہوا۔ نیویارک میں پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ علی اس اجتماع و تقسیم راشن کی مہمان خصوصی تھیں۔