مجھے اور میرے اہلخانہ کو اپنی دُعاؤں میں لازمی یاد رکھیں: حسن علی

April 14, 2021

حال ہی میں ننھی پری کے والد بننے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی نے رمضان المبارک کے موقع پر اپنے تمام چاہنے والوں سے دُعاؤں کی اپیل کردی۔

حسن علی نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’انشاء اللّہ تعالیٰ آپ کو اس ماہِ رمضان اور ہمیشہ کے لیے سُکون اور مسرت بھری زندگی بخشے گا۔‘

فاسٹ بالر نے کہا کہ ’دُنیا بھر میں موجود تمام مسلمانوں کو ماہِ رمضان بہت بہت مبارک ہو۔‘

اُنہوں نے اپنے تمام چاہنے والوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہ کرم مجھے اور میرے اہل خانہ کو اپنی خصوصی دعاؤں میں لازمی یاد رکھیں۔‘

یاد رہے کہ حال ہی میں حسن علی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے انہیں بیٹی کی رحمت سے نوازا ہے، ننھی شہزادی کو ہماری فیملی میں خوش آمدید۔

حسن علی اور اُن کی اہلیہ نے اپنی ننھی پری کا نام ’حیلینا حسن علی‘ رکھا۔

واضح رہے کہ 20 اگست 2019 کو حسن علی بھارتی دوشیزہ سامعہ آرزو کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ شادی کی شاندار تقریب دنیا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں سے ایک دبئی کے سیون اسٹار ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی۔

سامعہ آرزو متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں لیکن وہ گوجرانوالہ بھی آتی رہتی ہیں۔