بیٹی کی پیدائش نے ہم دونوں کی زندگی بہت زیادہ تبدیل کردی، ویرات کوہلی

April 14, 2021

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ بیٹی کی پیدائش نے انکی زندگی تبدیل کردی ہے۔ یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور انکی بالی ووڈ اسٹار اہلیہ انوشکا شرما کے ہاں اس برس جنوری میں بیٹی ومیکا کی پیدائش ہوئی تھی۔

گو کہ شہرت یافتہ بھارتی جوڑا میڈیا کی نظروں سے اس وقت اوجھل ہے لیکن رائل چیلنجر بنگلور کے کپتان ویرات کوہلی نے اس حوالے سے حال ہی میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بتایا کہ ان کی بیٹی کی آمد نے ان دونوں کی زندگی تبدیل کر رکھ دی ہے۔

ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ صرف تبدیلی نہیں بلکہ ہماری زندگی میں بہت زیادہ تبدیلی آگئی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ومیکا کے ساتھ جو تعلق ہم دونوں محسوس کرتے ہیں اس کا اندازہ یا تجربہ اس سے قبل ہمیں نہیں ہوا تھا۔ اس سے قبل ہم جو کچھ استعمال کرتے تھے وہ اب بدل گئی ہے۔

اب آپ مکمل طور پر ایک نئے انسان یا زندگی کا خیال رکھنے پر توجہ دیتے ہیں، یہ تعلق ابتدائی مرحلے میں تو مکمل طور پر ماں پر انحصار کرتا ہے، لیکن ساتھ ہی والد پر بھی انحصار ہوتا ہے، ماں اور باپ دونوں بچے کے مختلف ماحول میں خیال رکھتے ہیں اور کچھ چیزیں ایسی ہیں جس سے ہم دونوں بہت زیادہ خوش ہوتے ہیں۔