بابر اعظم کے ساتھ لمبا کھیل کر مزہ آگیا، محمد رضوان

April 14, 2021

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو آج کپتان بابراعظم کے ساتھ لمبا کھیل کر مزہ آگیا۔

جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے اوپنر نے اگلا میچ بھی جتنے کی نوید سنادی۔

سنچورین میں میڈیا سے گفتگو میں محمد رضوان نے کہا کہ میچ کافی مشکل تھا لیکن پلان کے مطابق چلے اور اچھا آغاز کیا۔


انہوں نے کہا کہ ہمارا پلان یہی تھا کہ پاوور پلے کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں، ہمیں اسٹارٹ اچھا ملا، جس کے بعد مومینٹم بن گیا۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے مزید کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ لمبا کھیل کر مزہ آیا، خواہش تھی کہ دونوں بڑی اننگز کھیلیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم دونوں کی خواہش یہی تھی کہ وکٹ گنوائے بغیر ہی جنوبی افریقا کا 204 رنز کا ہدف حاصل کرلیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ بابراعظم کی سنچری پر اتنی ہی خوشی ہوئی، جیسی اپنی سنچری پر ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بولرز نے ڈیٹھ اوورز میں اچھا کھیلا، ورنہ لگ رہا تھا کہ 230 رنز کا ہدف ملے گا۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے یہ بھی کہا کہ دو تین جگہوں پر اب بھی ہمیں بہتری کی ضرورت ہے، تاہم فہیم اشرف نے درمیان میں اچھی بولنگ کی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ٹیم کافی محنت کررہی ہے، رزلٹ ہمیشہ اللّٰہ کے ہاتھ میں ہے، ہر کھلاڑی جیت کیلئے مثبت ہے، سیریز جیتیں گے۔