مسلح جتھوں کی اجازت نہیں، پرتشدد احتجاج سے ریاست کو دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا، وزیراعظم

April 16, 2021

مسلح جتھوں کی اجازت نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد ( ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے، مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ‘ ریاست کی رٹ ہر صورت میں قائم کریں گے۔

جمعرات کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزراء اور حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا‘ وزیر داخلہ شیخ رشید نے امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ شرکا کو تحریک لبیک پر پابندی کے فیصلہ پر اعتماد میں لیا گیا۔

اس موقع پر عمران خان کا کہناتھاکہ مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے مگر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور نا ہی پرتشدد احتجاج کر کے ریاست کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے۔ کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعظم نے وزیرداخلہ شیخ رشید اور اور وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کو صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تمام صورتحال سے آگاہ کرنے کے لئے پریس کانفرنسز کریں۔

وزیراعظم نے کہاکہ پولیس اور سیکورٹی اداروں نے جس جذبہ کے ساتھ امن قائم کیا قابل تحسین ہے۔پولیس اور رینجرز سمیت تمام اداروں نے بہترین کام کیا ہے۔