کرکٹ بورڈ کا میڈیکل شعبہ جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ، ری اسٹرکچرنگ کی جائے گی

April 17, 2021

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈحکام ان دنوں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میڈیکل کمیشن کے سسٹم کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ لاہور کے قومی ہائی پرفارمنس سینٹر میں جدید میڈیکل کمیشن بنایا جائے۔ جس میں آرتھوپیڈک سرجن، ماہر نفسیات اور دیگر ماہرین کی تقرری کی جائے گی۔ پی سی بی میڈیکل کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کے استعفے کے بعد اب پی سی بی اپنے میڈیکل کمیشن کو جدید خطوط پر استوار کرے گا اور اس کی مکمل ری اسٹرکچرنگ کی جائے گی۔ ڈاکٹر سہیل سلیم اور ڈاکٹر ریاض کئی سال سے پی سی بی میں کام کررہے تھے۔ڈاکٹر ریاض اس وقت پاکستان ٹیم کے ساتھ جنوبی افریقا کے دورے پر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے پاس جدید نظام موجود ہے جس کے تحت کئی کوالی فائیڈ ڈاکٹر ان کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ دونوں سسٹم کو دیکھنے کے بعد پی سی بی اپنا نظام بنائے گا۔ پاکستان سپر لیگ کے لیے بائیو سکیور ببل پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر سہیل سلیم نے ڈیزائن کیا تھا تاہم لیگ کے دوران پیش آنے والے واقعات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے استعفی دے دیا تھا جسے ہفتے کو منظور کر لیا گیا۔