کورونا ،112اموات، مردان، نوشہرہ میں مثبت شرح 27 تک پہنچ گئی

April 18, 2021

کراچی،اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر،جنگ نیوز، خبر ایجنسی)کوروناسے ملک بھر میں 112 اموات، مردان ،نوشہرہ میں مثبت شرح 27 تک پہنچ گئی،ایک روز میں مزید 30ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا میں مبتلا،سندھ میں 7مریضوں کاانتقال،673نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔پاکستان میں کورونا اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 65279 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4976 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 112 افراد انتقال کر گئے، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.62 فیصد رہی ، ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 16094 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 50158 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 79108 ہے،اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4181 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 54956 ہو گئی ہے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق مردان اور نوشہرہ میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 27 فیصد تک پہنچ گئی ہے، صوبےکے7اضلاع میں مثبت کیسز کی شرح 20فیصد ہے جب کہ صوبے میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 13.8 فیصد ہے،خیبر میں مثبت کیسز کی شرح 26 فیصد، پشاور میں 25فیصداور شانگلہ میں 24فیصد ہے۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے باعث 2 ہزار 832 افراد کا انتقال ہوچکا ہے اور صرف پشاور میں کورونا سے 1 ہزار 483 افراد کا انتقال ہوا ہے۔دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 30 ہیلتھ کیئر ورکرز عالمی وباء کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 551 ہوگئی۔ادھر سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 7مریض انتقال کر گئے اور 673نئے کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 330مریض صحتیاب بھی ہوئے،صوبے میں اس وقت 7523مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 343 مریضوں کی حالت تشویشناک اور43 کو وینٹی لیٹرزپر منتقل کردیا گیا ہے۔پنجاب میں کورونا وائرس کے 2837 نئے کیسزرپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 264,010 ہو گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایس اوپیر پر عملدرآمد کے باعث کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹے میں 241 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 5 مریضوں کا انتقال کرگئے، ایس اوپیز پر عملدرآمد اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کورونا کیسز میں کمی کی وجہ ہے۔