وزیر خزانہ حلف اُٹھائیں تو ذہن میں مہنگائی سے بلکتے کروڑوں کا درد ہو، محمود شام

April 18, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ممتاز صحافی و شاعر اور روزنامہ جنگ کے سابق ایڈیٹر محمود شام نے وزیر خزانہ شوکت ترین کو حلف اٹھانے سے ایک گھنٹہ پہلے واٹس ایپ کیاکہ اللہ کرے جب آپ حلف اٹھائیں تو آپ کے دل میں خوف خدا ہو اور ذہن میں مہنگائی سے بلکتے کروڑوں کا درد ۔جس کے جواب میں شوکت ترین نے فورا واٹس ایپ کیا ’’آمِيْن يَارَبَّ الْعَالَمِينْ ‘‘ اللہ تعالی سب کی دعائیں قبول کرے پاکستان کو مالی مشکلات سے نکالے۔ ممتاز بینکار کی حیثیت سے شہرت پانے والے شوکت ترین نے پاکستان میں بینکاری کو نئی جدت دی یہ دوسرا موقع ہے کہ وہ وزیر خزانہ بنے ہیں اس سے قبل وہ 2008 سے 2010تک سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں بھی وزیر خزانہ رہے ہیں۔ شوکت ترین نے گزشتہ دنوں اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ معیشت کس سمت جارہی ہے کچھ پتا نہیں چل رہا، جہاز کے کپتان کو مضبوط ہونا پڑے گا ورنہ کشتی آگے نہیں بڑھے گی۔ شوکت ترین نے کہا کہ شروع میں ہم نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنے میں غلطی کی، آئی ایم ایف سے مذاکرات سے قبل قومی مفاد کو دیکھنا ہوگا، شرح سود سوا تیرہ فیصد اور ایکسچینج ریٹ 165روپے پر لے جاکر معیشت کا بیڑہ غرق کردیا گیا، بجلی، گیس اور پٹرول کے نرخ بڑھانے سے ڈیمانڈ ختم ہوگئی، معیشت بیٹھنے سے بیروزگاری میں اضافہ ہوا، کورونا کی وجہ سے عوام پس گئے ہیں ان پر زیادہ بوجھ نہیں ڈال سکتے، کورونا کی موجودہ لہر سخت ہے، معیشت کے حوالے سے فیصلے قومی و عوامی مفاد میں کریں گے،آئی ایم ایف سے نکلنا نہیں چاہتے لیکن آئی ایم ایف کو زمینی حقائق سے آگاہ کرنا چاہئے۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے اپنا گھر ٹھیک کرے، ڈھائی سال میں اپنا گھر کیوں ٹھیک نہیں کیا گیا، جب ہم اپنا گھر ٹھیک کریں گے تو آئی ایم ایف والے بھی ہماری بات مانیں گے۔