واٹرسپلائی لائنز کی تبدیلی کا میگا پراجیکٹ شروع ہوچکا، عامر ڈوگر

April 18, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعظم ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ملتان کا سب سے بڑا اور دیرینہ مسئلہ سیوریج اور واٹر سپلائی کا ہے ، ملتان شہر میں سیوریج کی بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی کے سوا دو ارب روپے کے منصوبے کے آغاز کے بعد اب پرانی واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے میگا پراجیکٹ پر بھی کام شروع کیا جا چکا ہے والڈ سٹی ایریا میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ بڑے عرصے سے چل رہا تھا اب اندرون شہر کی 4 یونین کونسلز کی ہر گلی کی نشاندہی کر دی گئی ہے اور ساڑھے 13 کروڑ روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی کی نئی لائنیں ڈالی جائیں گی۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری محمد ندیم قریشی نےکہا ملتان کے شہریوں کو بنیادی سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے والڈ سٹی ایریا میرا اپنا گھر ہے،یہ بات انہوں نے گذشتہ روز اندرون شہر کی 4 یونین کونسلز میں بوسیدہ واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے کا باغیچی مرزا جان میں افتتاح کے موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کی ،نیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال، وائس چیئرمین ایم ڈی اے اشرف ناصر خان، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان سمیت دیگر افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر موجود تھی اس دوران ایم ڈی واسا ناصر اقبال نے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ والڈ سٹی ایریا کی 4یوسیز میں 12، 10، 8، 6، 4، اور3انچ کی لاکھوں فٹ نئی واٹر سپلائی کی لائنیں ڈالی جائینگی اور 4کیوسک کے 3نئے ٹیوب ویل نصب کیے جائینگے جس پر کل ساڑھے 13 کروڑ روپے کی لاگت آئیگی اور شہر کے اس گنجان آباد علاقے میں واٹر سپلائی کی مکسنگ کی شکایات کا تدارک ہوگا۔