پاکستان پر پیرس کلب کے11 ارب 54 کروڑ ڈالرز واجب الادا،فرانسیسی قرضے ایک ارب 74 کروڑ ڈالرز

April 21, 2021

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان پر پیرس کلب کے 11 ارب 54 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کے قرضے واجب الاد ہیں۔ جس میں فرانس کے دیئے گئے قرضوں کی مالیت ایک ارب 74 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف فرانس کی جانب سے پاکستان پر سالانہ کروڑوں ڈالرز کے قرضے واجب الاد ہیں۔ فرانس پیرس کلب کے 17رُکن ممالک کا سیکرٹریٹ ہے۔ جس میں جاپان کی جانب سے دیئے جانے والے قرضوں کا حجم 5 ارب 80کروڑ ڈالرز ہے۔ ایک آزاد ماہر اقتصادیات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تمام مسلم ممالک کو تجویز کیا ہے کہ وہ اسلامی کانفرنس تنظیم او آئی سی کی سطح پر فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم چلائیں، تنہا پاکستان کی جانب سے اقدامات غیرمؤثر ہوں گے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال قرضوں کی مد میں 90 لاکھ ڈالرز، آئندہ سال 165 ملین، اس سے آگے 80 ملین اور اس کے بعد دو سال میں 335 ملین ڈالرز ادا کرنے ہوں گے۔ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مد میں 5 سال کے عرصے میں 9 لاکھ 41 ہزار ڈالرز سے تین کروڑ 54 لاکھ 41 ہزار ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی۔ گزشتہ 12سال کے دوران فرانس نے پاکستان میں ایک ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی۔ پاکستان کی سالانہ برآمدات کا حجم 23 ارب ڈالرز ہے جس میں نصف برآمدات فرانس سمیت 27 رکنی یورپی یونین کے ممالک کو ہوتی ہے۔ لہٰذا فرانس کے بائیکاٹ کی مہم سے بڑی داشمندی اور دُوراندیشی سے نمٹنا ہوگا۔ ماہرین کے مطابق فرانس کو تنہا نہیں سمجھنا چاہئے۔ اگر فرانس کے سفیر کو بے دخل کیا جاتا ہے تو اسے پوری 27رکنی یورپی یونین کے خلاف اقدام تصور ہوگا۔