ملیر میمن گوٹھ، تیز رفتارموٹر سائیکل سوار 3 افراد کنوئیں میں گرگئے، ایک شخص جاں بحق

April 22, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملیر میمن گوٹھ میں تیز رفتار موٹر سائیکل سوار 3 افراد کنوئیں میں گرگئے 2کو بچالیا گیا جبکہ تیسرے کی لاش نکال لی گئی ، تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب ملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل کنوئیں میں جاگری جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار خاتون سمیت تین افراد کنوئیں میں جاگرے ، موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر ریسکیو ورکرز کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا ، ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ورکرز اور ایدھی کے غوطہ خور موقع پر پہنچ گئے اوررسیوں کی مدد سے کنوئیں میں اتر کر2 افراد 30 سالہ دیمو ولد باہو اور 35سالہ خاتون دانا زوجہ گینو کو زندہ باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے ، دونوں افراد کنوئیں میں گرنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے جنھیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال روانہ کیا جبکہ تیسرے کی لاش تقریباً دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد کنوئیں سے نکالنے میں کامیاب ہوسکے ، مرنے والے کی شناخت امولکھ ولد مٹھو کے نام سے کی گئی جس کی عمر تقریباً اٹھائیس برس تھی ، تینوں افراد میمن گوٹھ کے رہائشی تھے۔