بعض قوتیں پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈلوانا چاہتی ہیں، حامد موسوی

April 22, 2021

اسلام آباد( اپنے نامہ نگار سے ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ بعض نادیدہ قوتیں پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں ڈلوانے کی مکروہ کوشش میں مصروف ہیں حکومت اور عوام ذمہ داریاں پوری کریں ، بلوچستان میں وطن اور فوج سے محبت کرنے والوں کو اذیتیں دی جارہی ہیں نیشنل ایکشن پلان مذاق بن چکا ہے۔ سیاسی مشکلات سے نکلنے کیلئے اصولوں پر سمجھوتہ نہ کیا جائے ، پاکستان نے انسداد دہشت گردی کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ، شا ن مصطفوی ؐمیں توہین کی شاتمانہ حرکات رکوانے کیلئے امت مسلمہ کو فکر اقبال ؒ پر عمل کرناہوگا۔ حضرت خدیجہ الکبری کی ذات عشق رسالتؐ کی لازوال درسگا ہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒ کے یوم وفات پر مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آغا حامد موسوی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ سچے عاشق رسولؐ تھے جنہوں نے مسلمانوں کے زوال کے اسباب کا تجزیہ کیا اور اپنے قلم سے امت کو جھنجھوڑنے کی بھرپور کوشش میں مصروف رہے۔انہوں نے کہا کہ اقبال یہ حقیقت جان چکے تھے کہ مسلمان قرآن سے عملی ناطہ توڑ چکے ہیں اور علم وفن مسلمانوں کے ہاتھوں سے نکل کر مغرب کے پاس جا گزیں ہو چکے ہے لہذا اقبال نے مسلمانوں کو اپنی کھوئی ہو ئی میراث حاصل کرنے کی جانب متوجہ کیا۔