سلمان خان کی ایکشن سے بھرپور فلم ’’رادھے‘‘ کا ٹریلر ریلیز

April 23, 2021

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی ایکشن سے بھرپور فلم ’’رادھے‘‘ کاٹریلر ریلیز ہوگیا۔ سلمان خان نے گزشتہ روز فلم ’’رادھے‘‘ کا پوسٹر شیئر کرکے لوگوں کا تجسس بڑھاتے ہوئے بتا یا تھا کہ آج 11 بجے وہ ’’رادھے‘‘کا ٹریلر ریلیز کریں گے جس کی وجہ سے ان کے مداحوں اور بھارتی میڈیا کو بے چینی سے ان کی فلم کے ٹریلر کا انتظار تھا۔ سلمان خان نے لکھا تھا کہ آرہاہوں آپ کا موسٹ وانٹیڈ بھائی‘‘ اور بلآخر اپنے وعدے کے مطابق سلمان خان نے 11 بجے فلم’’رادھے‘‘ کا ٹریلر سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔فلم کے ٹریلر کو محض ایک گھنٹے میں ہی یوٹیوب پر 4 لاکھ 75 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر سلمان خان کی 2009 میں ریلیز ہوئی بلاک بسٹر فلم ’’وانٹیڈ‘‘ کی یاد آجاتی ہے۔ کیونکہ فلم میں سلمان خان کا کردار ویسا ہی ہے جیسا ’’وانٹیڈ‘‘ میں تھا یعنی ایک پولیس والے کا جو خفیہ طور پر ملک سے برائی کا خاتمہ کرتا ہے۔ اس بار فلم ’’رادھے‘‘ میں سلمان خان ملک کے کونے کونے میں پھیلے ڈرگ مافیا کو ختم کرتے نظر آئیں گے۔ فلم کا ایکشن دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ جب کہ رندیپ ہوڈا فلم میں ولن کا کردار نبھارہے ہیں۔ سلو میاں کی ہر فلم کی طرح اس فلم کے ڈائیلاگز بھی کافی جاندار ہیں۔فلم کو پربھودیوا نے ڈائریکٹ کیا ہے جب کہ سلمان خان کی پروڈکشن کمپنی ریئل لائف پرائیویٹ لمیٹڈ نے فلم کو پروڈیوس کیا ہے۔