زندگی میں بہت دکھ اور پریشانیاں دیکھیں،قوی خان

April 23, 2021

پاکستان کے سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ میری دکھ بھری کہانی ایسی ہے جس پر پانچ، سات ناول لکھے جاسکتے ہیں۔اپنی زندگی میں بہت دکھ، پریشانیاں اور بھوک دیکھی۔

اداکار قوی خان حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ایک دن جیو کے ساتھ میں میزبان سہیل وڑائچ کے مہمان بنے۔پروگرام میں انہوں نے بتایا کہ میں جب لاہور میں رحمان پورے میں رہائش پذیر تھا تو 2 سال بعد اس قابل ہوا کہ 25 روپے کرایہ دے سکوں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ایک دن ایسا بھی تھا کہ جب میرے پاس بس کے ٹکٹ کے 5 پیسے نہیں تھے، بس کا ٹکٹ 15 پیسے کا تھا اور میرے پاس صرف 10 پیسے تھے، پھر 5 پیسے کے لیے دوست کے گھر گیا، اس کے ساتھ کافی دیر کھڑا رہا لیکن مجھ میں دوست سے 5 پیسے مانگنے کی ہمت نہ ہوئی اور میں واپس آگیا۔