بھارت میں کورونا بےقابو، آسٹریلوی صحافی پاکستانیوں کے رویے سے متاثر

April 24, 2021

بھارت میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال پر پاکستانی عوام جذبہ خیر سگالی کے تحت ٹوئٹر پر مختلف ٹرینڈز کے ذریعے بھارت کے ساتھ اظہار ہمدردی کر رہے ہیں۔

پاکستانی صارفین اپنے ٹوئٹس کے ذریعے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں کہ وہ بھارت کی مدد کرے، طبی سہولیات فراہم کرے کیونکہ یہی ہمارے پیارے نبی ﷺ کی سنت ہے کہ مشکل میں رنجشوں کو بھلا دیا جائے۔

پاکستانیوں اور بھارتیوں کی سوشل میڈیا پر ویسے تو سرد جنگ جاری رہتی ہے، ٹرولنگ میں بھی دونوں کا پلڑا ایک جیسا ہی رہتا ہے لیکن پاکستانیوں نے بھارت کے کڑے وقت میں ایسا ساتھ دے کر مثال قائم کردی ہے جس کی معترف آسٹریلوی صحافی بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈ مین پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے لانے کیلئے کوشاں رہتے ہیں، ان کو پاکستانیوں کے اسی رویے نے متاثر کردیا جس کا اظہار انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کیا۔

ڈینس فریڈ مین نے کہا کہ کئی دہائیوں سے پاکستان کو ہدف بناتے ہوئے بھارت کے جنگ سے متعلق بیانات کے باوجود پاکستانیوں کا یہ رویہ قابلِ ستائش ہے۔

آسٹریلوی صحافی کے اس ٹوئٹ کو سینیٹر فیصل جاوید نے بھی شیئر کیا۔