• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں کورونا بےقابو، ایدھی فاونڈیشن کی بھارت کو مدد کی پیشکش

بھارت میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال سے اسپتالوں میں طبی سامان اور سہولتوں کی کمی کے پیشِ نظر ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے بھارت کو مدد کی پیشکش کردی ہے۔

پاکستان نے بھارت کیلئے مشکل وقت میں خیرسگالی کے جذبے کے تحت بھارت میں کورونا کے مریضوں کیلئے 50 ایمبولینسز فراہم کرنے کی پیش کش کردی ہے۔

ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں انہیں ایمبولینس سمیت ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز کی ٹیم بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔

خط میں فیصل ایدھی نے لکھا کہ ’عالمی وبا کورونا کے باعث بھارت کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے 50 ایمبولینس بطور امداد بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘

انہوں نے خط میں کہا کہ بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور اموات پر دکھ ہے، ہم کورونا وائرس کے ان حالات میں آپ کی مدد کیلئے تیار ہیں، اس مشکل وقت میں انسانیت کے ناطے بھارتی عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’میں فیصل ایدھی، فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کا سربراہ، ذاتی طور پر بھارت کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انسانیت کی خدمت کی غرض سے ٹیم بھیجنے کی پیشکش کرتا ہوں۔‘

سربراہ فیصل ایدھی نے کہا کہ ہماری ٹیم کو کسی بھی طرح کی غذا یا دیگر سہولیات کا تقاضا نہیں کرتی بس ہمیں بھارت میں داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ ہم انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔


فیصل ایدھی نے کہا کہ کورونا متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی رہنمائی میں ہماری ٹیم بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنے فرائض انجام دے گی۔

دوسری جانب بھارت میں کورونا وائرس کی خطرناک لہر کے آگے ملک کا صحت کا نظام ناکام ہوگیا، اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی، لوگ آکسیجن کی عدم فراہمی پر جان سے جانے لگے۔

کیسز بڑھنے پر اسپتالوں کے باہر مریضوں کی لائن لگ گئی ہے، اسپتالوں میں آکسیجن کم پڑ گئی، میتوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے بھی جگہ کم پڑنے لگی ہے۔

تازہ ترین