بھارتی صحافی کی پاکستانیوں سے داتا دربار پر دعا کی اپیل

April 27, 2021

بھارت کے نامور صحافی اشیش سنگھ نے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا سے نبردآزما اُن کے اہلِ خانہ کیلئے داتا دربار پر خصوصی دعا کریں۔

اشیش سنگھ نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ براہِ کرم داتا دربار جا کر اُن کی اہلیہ سوچیکا اور کورونا میں مبتلا دیگر مریضوں کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی داتا دربار جا کر اُن کا یہ کام کرنے کیلئے راضی ہے تو وہ دعا کیلئے مزید مریضوں کے نام بھی بھیج دیں گے۔

بھارتی صحافی نے لکھا کہ اگر کوئی ان کا یہ کام کرتا ہے تو اس کے شکرگزار رہیں گے۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے پاکستان سے داتا دربار میں خصوصی دعا کا انتظام کروانے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں داتا صاحب پر پورا یقین ہے وہ ضرور کرم کریں گے۔