بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر ملک میں کورونا میں شدت اور آکسیجن کی کمی کی صورتحال میں پاکستانیوں کے ہمدردانہ سوشل میڈیا پیغامات سے متاثر دکھائی دے رہی ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔
بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’کورونا کے باعث بھارت کی بگڑتی صورتحال میں پاکستانیوں کے ہمدردانہ سوشل میڈیا پیغامات دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘
انہوں نے اپنے پیغام میں بھارتی میڈیا کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی اور کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ ہمارے میڈیا اور مرکزی دھارے میں جاری عوامی گفتگو نے مستقل طور پر پاکستانیوں کا مذاق اڑایا ہے۔
سوارا بھاسکر نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں پاکستانیوں کو بڑا دل والا بھی کہا، انہوں نے لکھا کہ ’بڑا دل کرنے والے پڑوسیوں کا شکریہ‘۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال پر پاکستانی عوام جذبہ خیر سگالی کے تحت ٹوئٹر پر مختلف ٹرینڈز کے ذریعے بھارت کے ساتھ اظہار ہمدردی کر رہے ہیں۔